سانحہ احمد پورشرقیہ: موٹروے پولیس نے نااہلی تسلیم کرلی

145

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کا اجلاس کنوینئر نذیر احمد بگھیو کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ کمیٹی کو سانحہ احمد پور شرقیہ پر بریفنگ دیتے ہوئے آئی جی موٹروے شوکت حیات نے سانحے میں موٹروے پولیس کی نااہلی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہم حادثے کی جگہ پر تھے لیکن جس طرح سے موٹروے پولیس کو ہونا چاہیئے تھا اس طرح سے نہیں تھے۔ موٹروے پولیس کا کام تھا کہ پہلے اطلاع کنٹرول روم تک پہنچائی جاتی ہماری ہر گاڑی میں ٹریکنگ ریکارڈ موجود ہوتا ہے۔ سانحہ کی اطلاع کنٹرول روم کو دی گئی لیکن پولیس کنٹرول نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سانحے کی اطلاع متعلقہ اداروں تک نہیں پہنچائی جبکہ کنٹرول روم میں ضلع پولیس کے اہلکار بھی موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ میں غفلت برتنے والے موٹروے پولیس کے اہلکاروں کو معطل کر کے محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئل ٹینکروز کی فٹنس اور مقدار کے حوالے سے قانون اور عملداری کا کام اوگرا کا ہے۔ کمیٹی کو نیشنل ہائی وے حکام نے روڈ مینجمنٹ پالیسی اور سڑکوں کی جدید طریقہ کار سے تعمیر ومرمت کے حوالے سے بریفنگ دی۔