مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصبانہ تسلط کوشکست ہو گی ،راجا ظفر الحق

114

اسلام آباد(صباح نیوز) قائد ایوان سینیٹ سینیٹر راجا محمد ظفرالحق نے کہا ہے کہ آزادی کسی بھی انسان کا بنیادی حق ہے جس کو دنیا کی کوئی بھی طاقت ہمیشہ کے لیے دبا نہیں سکتی ۔ راجا محمد ظفرالحق نے ادارہ برائے اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی غاصبانہ تسلط کوشکست ہو گی اور کشمیری عوام کی جمہوری اور قانونی جدوجہد رنگ لائے گی ۔ راجا محمد ظفرالحق نے مزید کہا کہ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ کئی دہائیوں سے حل نہیں ہو سکا ۔ اور پچھلی کئی دہائیوں میں انگریزوں کے قبضے میں رہنے والے کئی ممالک نے آزادی حاصل کر لی ہے ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو انسانی حقوق کی سب سے بڑی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیری نوجوانوں میں جو تحریک آزادی کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے اس نے نہ صرف اقوام عالم کی توجہ حاصل کی ہے بلکہ اقوام عالم اس مسئلے کے حل میں بھی سنجیدہ نظر آرہی ہے ۔کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق استصواب رائے سے ہوگا۔