نون لیگ ججوں اور جنرلوں سے ٹکر اناچاہتی ہے‘شیخ رشید

342

اسلام آباد (آن لائن؍صباح نیوز؍مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نون ججوں اور جنرلوں سے ٹکر لینا چاہتی ہے تاکہ ان کی حکومت غیرآئینی طور پر ختم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں چیف جسٹس ثاقب نثار سے استدعا کرتا ہوں کہ مسلم لیگ کے رہنما کے عدالت کے بارے میں غیرپارلیمانی زبان استعمال کرنے پر عدالت کے وقار کو نقصان پہنچانے پر نوٹس لیا جائے۔ مسلم لیگ سے چوری کا مال برآمد ہو گا اور جس طرح کی زبان استعمال کی جارہی ہے، عدالت کوجلد اس کا فیصلہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ایس ای سی پی کے ڈائریکٹر ظفر حجازی پر ٹیمپرنگ ثابت ہو گئی ہے اور میڈیا کے مطابق مریم نوازکمپنیوں کی مالک ثابت ہو چکی ہیں اور جاوید کیانی بھی بیان دے چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قطری شہزادہ حمد بن جاسم نوازشریف کا نہیں بلکہ حسین نواز کا گواہ ہے اور حسین نواز کو چاہیے کہ وہ قطری شہزادے کو لے کر آتے لیکن قطری شہزادے نے یہ کہا کہ ’’وہ پاکستان کے قانون کی حدود میں نہیں آتے ‘‘ بات ہی ختم کر دی ہے ۔