قانون بنانا اسمبلی کا حق ہے ‘ گورنر کا دستخط سے انکار افسوسناک ہے‘ مراد علی شاہ

193

SindhPoliceArmsکراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ قانون بنانا اسمبلی کاحق ہے‘ گورنرکا دستخط سے انکار افسوسناک ہے‘نیب کے خلاف عدالتوں کے ریمارکس موجود ہیں‘پی ایس 114میں پیسہ چلانے والی خبریں بے بنیاد ہیں‘پیپلزپارٹی کی قیادت کرپشن کے سخت خلاف ہے‘سندھ حکومت عوام کو تعلیم و صحت کی فراہمی یقینی بنارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پیر کو انہوں نے میمن میڈیکل اسپتال صفورہ گوٹھ کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو اور سیکرٹری صحت فضل اللہ پیچوہو بھی تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب جیت کر ثابت کردیاہے کہ کراچی میں پیپلزپارٹی کا اسٹیک ہے‘لوگ سمجھتے تھے کہ پیپلزپارٹی کراچی میں دلچسپی نہیں لیتی لیکن ہم نے ترقیاتی کام کرواکر عوام کی خدمت کرکے یہ ثابت کیا تو یہ تاثر غلط ہے‘ انتخاب میں پیسے چلانے کی بات من گھڑت اور بے بنیاد ہے‘سعید غنی ایک مزدور کا بیٹا ہے‘اگرووٹ پیسے سے خریدے جاتے تو سارے امیر انتخابات پیسے کی بنیاد پر جیت جاتے‘ پی ایس 114 کا حلقہ منی پاکستان ہے جس میں ہر مذہب اور فرقے کے لوگ رہتے ہیں‘جس سے سندھی ،بلوچ ، پختون ، مہاجر اور پنجابی بھی شامل ہیں‘ ایسے کم حلقے دیکھنے کو ملتے ہیں ‘ پی ایس 114سے پیپلزپارٹی کی کامیابی 2018ء کے انتخابات میں بھی ہماری کا میابی کی عکاسی کرتی ہے‘ پیپلزپارٹی آئندہ الیکشن میں کراچی کے علاقوں میں اچھے امیدوار کو ٹکٹ جاری کرے گی ا ور آئندہ ہونے والے انتخابات میں بھی سرخرو ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ احتساب کے قوانین بنانا سندھ حکومت کے اختیارات میں شامل ہے‘نیب قوانین کی منسوخی کا بل گورنر کے پاس موجود ہے اس پر زیادہ تبصرہ نہیں کروں گا‘قانون بنانا اسمبلیوں کا کام ہے‘نیب کے خلاف عدالتوں کے ریمارکس موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کے بیانات پر افسوس ہوا ،ان کو چاہیے تھا کہ بیان دینے کے بجائے اسمبلی کے بھیجے ہوئے بل پر دستخط کرتے‘ پاکستان پیپلزپارٹی کرپشن کے سخت خلاف ہے ‘ہم نے جو قانون پاس کیا ہے وہ ہماری نظر میں پوری اسمبلی کا فیصلہ ہے اور یہ ایک صوبائی معاملہ ہے جس کو اپوزیشن پارٹی ماننے سے انکار کر رہی ہے۔