تجارتی پالیسی کی تشکیل میںویمن چیمبرز کی سفارشات کو ترجیح دی جائے، راجہ عامر اقبال

166

راولپنڈی (اے پی پی) خواتین انٹر پرینیورز کو قومی دھارے میں لائے بغیر اقتصادی اہداف کا حصول و ترقی نا ممکن ہے تجارتی پالیسی کی تشکیل کے وقت ویمن چیمبرز اور ٹریڈ باڈیز کی سفارشات کو ترجیح دی جائے ۔ان خیالات کا اظہار صدرراولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری راجہ عامر اقبال نے چیمبر میں ویمن لیڈر شپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کا اہتمام یو ایس ایڈ کے ذیلی ادارے پاکستان ریجنل اکنامک انٹگریشن ایکٹوٹی نے کیا ہے جس میں ویمن انٹرپرینیورز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ راجہ عامر اقبال نے کہا کہ پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ ریٹ کا حصول صرف اسی صورت ممکن ہو گا جب خواتین ملکی معیشت میں اپنا فعال کردار ادا کریں گی راولپنڈی چیمبر اپنے پلیٹ فارم سے خواتین کو کاروبار کی جانب راغب کرنے اور تاجر خواتین کو اپنا کاروبار میں وسعت لانے کے لیے تربیتی ورکشاپس، اور سیمینارز کے ذریعے آگاہی دیتا رہے گا۔ صد ر چیمبر نے تجارت، توانائی، تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے، بنیادی ڈھانچے، اور پالیسیوں کی تشہیر کے لیے یو ایس ایڈ کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد صنف کے تناظر میں تجارتی پالیسی کی تشکیل، اور معاشی پیچیدگیوں کے حوالے سے آگاہی دینا ہے۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ کے نمائندے، مسٹر ڈونل کاٹرنے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کا ادارہ خطے میں علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے فروغ کے لیے وہ چیمبر کی ہر ممکن مدد اور سہولت پرہم کریں گے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر راشد وائیں، نائب صدر عاصم ملک،مجلس عاملہ کے اراکین، PIDEکی ڈائریکٹر مز روبینہ توفیق شاہ، ہیومن ریسورس سے مز عاصمہ اعوان ، ویمن انٹرپرینیور کی چیئر پرسن مہوش آفریدی سمیت کیثر تعداد میں خواتین بھی موجود تھیں۔