مقبوضہ کشمیر میں بھارت کیمیائی ہتھیار استعمال کررہاہے ،مزمل اقبال

74

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت الدعوۃ کراچی کے مسئول مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گن جیسے متنازع ہتھیار کے استعمال کے بعد کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال بھی شروع کردیا ہے۔ بھارتی افواج کی اس دہشت گردی پر عالمی برادری کو کسی صورت خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے۔ کشمیری مسلمان پاکستان کو اپنا سب سے بڑا وکیل سمجھتے ہیں اور سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں۔ کشمیریوں کے حق میں محض ایک دو بیانات دے دینا کافی نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز تقویٰ گلشن اقبال میں کارکنان و ذمے داران کی نشست سے خطاب
کرتے ہوئے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ان حالات میں بھارتی افواج کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال اور قتل و غارت کا بازار گرم کرنے پر تمام بین الاقوامی فورمز پر آواز اٹھانی چاہیے۔ آج ہر شخص کے دل میں کشمیریوں کی مددکا جذبہ موجود ہے، مظلوم کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کرنی چاہیے۔ جہاں کشمیریوں کا خون گرے گاوہاں ہمارا خون گرے گا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا حصول پاکستان کے لیے ز ندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔
کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور یہ پاکستان کی شہ رگ ہے۔ مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ نہتے کشمیری مظاہرین کے خلاف انتہائی خطرناک ہتھیار استعمال کیے جا رہے ہیں۔ مودی سرکار کی سرپرستی میں کشمیریوں کے خلاف مہلک ہتھیاروں کے استعمال سے ان کی آنکھیں ضائع ہو رہی ہیں لیکن کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سے دوستانہ رویہ نے مسئلہ کشمیر کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ حکمرانوں نے قائداعظم کی کشمیر پالیسی کو ترک کر دیا ہے۔ جماعت الدعوۃ ملک میں اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کر رہی ہے۔ عشرہ شہدائے کشمیر کے دوران ملک بھر کے مختلف شہروں و علاقوں میں شہدائے کشمیرکانفرنسوں، جلسوں اور سیمینارز کا سلسلہ جاری رہے گا۔