کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے داخلہ و زراعت سہیل انور خان سیال سے قونصل جنرل آف چائنا کی سربراہی میں تین رکنی وفد نے ان کے دفتر میں گزشتہ روز ملاقات کی۔وفد میں قونصل جنرل وانگ یو، ،ڈپٹی قونصل جنرل اورسینئر قونصلیٹ افسر شامل تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات زیر بحث آئے ،جن میں سی پیک کے حوالے سے صوبے میں مقیم چینی افراد کی سیکورٹی ، پیشہ ورانہ امور اور تربیت کے لیے سندھ پولیس کے افسران کی چین میں اسپیشل ٹریننگ اور جدید سیکورٹی آلات کی فراہمی سمیت دیگر معاملات شامل تھے۔غیر ملکی وفد نے سندھ حکومت کو چینی افراد کی بہترین سیکورٹی
فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک جیسا عظیم منصوبہ سندھ حکومت کے بھرپور تعاون کے بنا کامیابی کی منازل طے نہیں کرسکتا تھا جس کے لیے وہ حکومت سندھ کے شکرگزار اور مشکور ہیں۔وفد نے سندھ پولیس کے افسران کو چین میں اسپیشل ٹریننگ فراہم کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت چین کی جانب سے سندھ پولیس کی پیشہ ورانہ قابلیت میں اضافے اور بڑھوتی کے لیے حکومت چین تربیت فراہم کرنے کے ساتھ جدید آلات کی فراہمی کا بھی ارادہ رکھتی ہے جس کو سہیل انور خان سیال کی جانب سے سراہا گیا۔وفد کے شرکا نے صوبائی وزیر سے زراعت اور معدنیات کے شعبے میں بھی حکومتی سطح پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور مستقبل میں زرعی معلومات اور نئی ٹیکنالوجی کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔