کراچی ( اسٹا ف رپورٹر ) پاکستان رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے ٹارگٹ کلر سمیت 4ملزمان کو گرفتارکر لیا ۔ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ ، گولیاں ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد ہوا۔ رینجرز ترجمان کے مطابق پاک کالونی کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم عارف عرف ٹکی کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے اور وہ ارشد پپو گروپ کے ساتھ مل کر کارروائیاں کرتا تھا، جبکہ لیاری گینگ وار کی جانب سیگولیمار کا ایریا کمانڈرمقرر تھا ۔ ملزم نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ۔ ادھر رینجرز نے
سہراب گوٹھ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم عمران عرف پیٹھا کوگرفتار کرلیا ہے ۔ ملزم ڈکیتی اور جرائم کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جبکہ سہراب گوٹھ کے ہی علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم امجد خان کو گرفتار کرلیا۔ ملزم علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔ علاوہ ازیں بلوچ کالونی میں رینجرز نے چھاپا مار کر ایک ملزم عرفان خان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم سنگین جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ گرفتار تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔