کراچی (اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر و ترقی خصوصاً تعلیم اور صحت کے شعبوں میں اسماعیلی کمیونٹی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں ، بلدیہ عظمیٰ کراچی اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان چہارم کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے انعقاد میں بھرپور تعاون کرے گی، یہ بات انہوں نے صدر اسماعیلی کونسل برائے سدرن ریجن امین محمد لاکھانی کی سربراہی میں ملاقات کے لیے آنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس میں امین بھولا ، صابر خان سمیت دیگر ارکان شامل تھے، میئر کراچی نے شیعہ امامی اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں موروثی اور روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان چہارم کی ڈائمنڈ جوبلی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً صوبہ سندھ میں آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک نے مقامی سطح پر تعمیر و ترقی کی شاندار خدمات انجام دی ہیںاور پرنس کریم آغا خان کے وژن اور قیادت کی بدولت پاکستان میں غربت کے خاتمے اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں گرانقدر خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، جس پر پوری پاکستانی قوم ان کی تہہ دل سے شکرگزار ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 60 سال کے
دوران پرنس کریم آغا خان نے اسماعیلی کمیونٹی ، وسیع تر مسلم کمیونٹی اور دیگر افراد کی ترقی اور خوشحالی کے لیے انتھک محنت کی ہے جس کی بدولت لاکھوں افراد کا معیار زندگی بہتر ہوا ہے اور اس کے مثبت اثرات انسانی زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں ہیں،انہوں نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے تعلیم، صحت اور ثقافت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کو دنیا میں سماجی ترقی کی تنظیموں میں ایک اہم حیثیت حاصل ہے اور نسل، مذہب ، برادری اور صنف سے قطع نظر محروم و نادار افراد کی مددکو نصب العین بناتے ہوئے انسانوں کے درمیان محبت، برداشت ، انسانیت کی عظمت پر زور دیا گیا ہے،اس موقع پر وفد کے سربراہ امین محمد لاکھانی نے میئر کراچی وسیم اختر کو پرنس کریم آغا خان چہارم کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ شیعہ امامی اسماعیلی کمیونٹی کے 49 ویں موروثی اور روحانی پیشوا پرنس شاہ کریم ال حسینی آغا خان چہارم نے11جولائی 2017 ء کو اپنی امامت کے 60 سال مکمل کر لیے، انہیں یہ منصب 11 جولائی1957 ء کو اپنے دادا سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم کے جانشیں کے طور پر ملا تھا، اسماعیلی قوم اپنی تاریخی روایت پر عمل پیرا رہتے ہوئے جولائی 2017ء اور جولائی2018 ء کے دوران پوری دنیا میںامام کریم آغا خان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات منعقد کرے گی جس کے دوران حسب روایت ایڈوانس سوشل کلچرل اور اکنامک ڈیولپمنٹ پروجیکٹس بھی شروع کیے جائیں گے۔