غیرمحفوظ آئل ٹینکراورگاڑیوں میں لگے گیس سلنڈر چلتے پھرتے بم ہیں

97

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادکے قائم مقام امیر عقیل خان نے کہا ہے کہ غیرمحفوظ آئل ٹینکر اور گاڑیوں میں لگے گیس سلنڈر چلتے پھرتے بم ہیں احمدپورشرقیہ کے بعدبھی متعددحادثات رونماہوچکے ہیں حکومت اورمتعلقہ ادارے سنجیدگی سے انسانی جانوں اورنقصانات سے بچائوکے لیے قانون پرمؤثرعمل درآمدکرائے۔انہوں نے کہاکہ چاند رات کواحمدپورشرقیہ میں آئل ٹینکر الٹنے اور آگ بھڑک جانے سے اب تک 217انسان موت کے منہ میں چلے گئے ہیں احمدپورشرقیہ کے بعدملتان میں وین کوحادثہ پیش آیاجس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے کئی افرادسمیت متعددجانیں لقمہ اجل بن گئی تھیں سندھ اورکے پی کے میں کئی مقامات پر آئل ٹینکر الٹ گئے ، حکومت اور متعلقہ ادارے سانحہ احمدپورشرقیہ کے بعدبھی آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں اورانہیں قیمتی انسانی جانوں اور سرکاری وعوامی املاک کے نقصان کی کوئی پرواہ نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ آئل کمپنیاں غیرمحفوظ آئل ٹینکروں کے ذریعے آئل منتقل کررہی ہیں مطلوبہ معیارکے حامل ٹینکروں کے بجائے سستے نجی آئل ٹینکروں کاسہارالے رہی ہیں اورانسانی جانوں کودائو پرلگارہی ہیں۔ اسی طرح گاڑیوںمیں نصب گیس سلنڈر،آبادی میں موجودسلنڈر سے سلنڈروں میں گیس منتقلی اور پیٹرول پمپ پر کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں ہے ،شہرمیں غیرقانونی پیٹرول پمپ قائم ہیں جن پر سہولیات کافقدان اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات اورسانحات اس وقت شدیدہوجاتے ہیں جب انسانی غفلت بھی شامل ہوجائے ۔حکومت سانحہ احمدپورشرقیہ سے سبق سیکھے اورمتاثرین کے مناسب معاوضے،کمپنی پرجرمانے اورقوانین پرمؤثرعمل درآمدکرائے تاکہ سانحات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع سے بچاجاسکے۔