بھارت نے فائرنگ کا بہانہ بناکر پونچھ راولاکوٹ بس سروس بند کردی

142

سرینگر(خبر ایجنسیاں)بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں کراس فائرنگ کے بہانے بس سروس ایک ہفتے کے لیے بند کر دی، واپسی کے لیے آنے والے پاکستانی پونچھ میں پھنس کررہ گئے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بس سروس بند کر کے کشمیریوں کی مشکلات میں اور اضافہ کر دیا۔ بھارتی حکام نے کراس فائرنگ کے بہانے پونچھ راولا کوٹ بس سروس ایک ہفتے کے لیے بند کر دی ہے۔ سروس بند ہونے سے اپنے عزیزوں کو ملنے کے لیے جانے والے پاکستانی پونچھ میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔ پاکستانی مسافروں نے بھارتی حکام سے جلد سے جلد سروس بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ روز بھی کنٹرول لائن کے مختلف سکیٹرز پر گولہ باری اورفائرنگ کی گئی جس میں سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس دوران 3 شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے اور جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کو بڑا جانی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیرمیں 13جولائی 1931کے شہداء کی برسی کے موقع پر کل مقبوضہ واقعی میںمکمل ہڑتال کی جائے گی۔ ہڑتال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے اعلان کردہ احتجاجی کیلنڈر کا آخری پروگرام ہو گا ۔ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری یہ دن اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ وہ کشمیری شہداء کے مشن کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کے حصول تک جاری رکھیںگے۔ 13جولائی 1931ء کوڈوگرہ مہاراجہ کی فوج نے سری نگر سینٹرل جیل کے 22کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔یہ لوگ عبدالقدیر نامی حریت پسند کے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پر جیل کے احاطے میں جمع ہوئے تھے جن پر کشمیریوں کو ڈوگرہ حکمرانوں کے خلاف بغاوت کرنے کی ترغیب دینے پر مقدمہ چلایا جارہا تھا۔