خیرپور (نمائندہ جسارت) ببرلو قومی شاہراہ پر ہزاروں لیٹر پیٹرول سے بھرا ٹینکر الٹ گیا۔ موٹر وے پولیس کی بروقت کارروائی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آئل ٹینکر میں چالیس ہزار لیٹر پیٹرول تھا، ڈرائیور کو نیند آجانے کے باعث ٹینکر الٹ گیا۔ خیرپور کے قریب ببرلو قومی شاہراہ پر کراچی سے کوٹ ادو جانے والا پی ایس او کمپنی کا آئل ٹینکر الٹ گیا، ٹینکر الٹ جانے کی اطلاع ملنے پر موٹروے پولیس کے ایس پی سرور بھیو عملے کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچنے، جنہوں نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے فائر بریگیڈ عملے کو طلب کرکے قومی شاہراہ کو بڑے حادثے سے محفوظ رکھا۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ چالیس ہزار لیٹر پیٹرول سے بھرا ٹینکر کراچی سے کوٹ ادو جارہا تھا کہ ببرلو قومی شاہراہ کے مقام پر ٹینکر ڈرائیور کو نیند آجانے کے باعث ٹینکر الٹ گیا۔