حیدرآباد میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے‘ عقیل خان

109

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد کے قائم مقام امیر عقیل خان نے جرائم میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، ایک بار پھر مجرم پیشہ عناصر کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ قتل، ڈکیتی، چوری اور منشیات فروشی عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی وارداتیں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرگرمیوں میں ایک وقفے کے بعدپھر سے اضافہ ہونے لگاہے ۔رہزنی اور چوری روزکامعمول بن گیاہے مین پوری ،چرس ،شراب اور دیگر نشہ آور اشیا کا پولیس کی سرپرستی میں کاروبارعروج پر ہے، مین پوری اورچرس نے نوجوان نسل کوتباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ شراب غیر مسلموں سے زیادہ مسلمانوں کوفروخت کی جارہی ہے، نشہ آوراشیا کے استعمال سے موت کی شرح بڑھ گئی ہے۔ لطیف آبادمیں گزشتہ دنوں ساس اور بہو کالرزہ خیرقتل ہوا تھا، موبائل فون،گاڑیاں اورنقدی چھینے جانے کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں جبکہ منشیات فروشوں کوپولیس کی جانب سے مستقل چھوٹ ملی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی اکثر وارداتیں کہیں بھی رپورٹ نہیں ہوتیں اور جو وارداتیں رپورٹ ہوتی ہیں ان میں کتنی وارداتوں کے مجرموں کوپکڑاجاتاہے، ان کاڈیٹاپبلک نہیں کیا جاتا۔ پولیس انتظامیہ مجرم پیشہ عناصر اورمنشیات فروشوں کے خلاف سنجیدگی دکھائے اورشہریوں کی رپورٹ پر فوری کارروائی کرے۔