نوابشاہ میں جاری ترقیاتی اسکیمیں وقت پر مکمل کی جائیں، کمشنر

86

نوابشاہ (ہینڈ آؤٹ) ڈویژنل کمشنر بینظیر آباد غلام مصطفی پھل نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں جاری تمام ترقیاتی اسکیمیں وقت پر مکمل کی جائیں اور معیار کا خیال رکھا جائے۔ یہ بات انہوں نے کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے سلسلے میں ڈویژنل افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بینظیرآباد محمدنعمان لاٹکی، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ زوہیب مشتاق بلوچ، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز ڈاکٹروسیم شمشاد، محکمہ پبلک ہیلتھ کے انجینئر، محکمہ روڈس بلڈنگس، انفارمیشن افسر شیر محمد جمالی اور دیگر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر کمشنر نے ڈپٹی کمشنران کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قبرستانوں پر جوبھی قبضے ہیں، انہیں فوری طور پر ختم کرایا جائے اور جن قبرستانوں کی چار دیواری نہیں ہے، ان کی چادیواری قائم کی جائے اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری عمارتیں جو مکمل ہوچکی ہیں ان کو اس محکمے کے حوالے کیا جائے۔ اس موقع پر کمشنر نے ڈپٹی کمشنر بینظیرآباد کو ہدایت کی کہ مہران ہائی وے پر نصرت کینال پر زیرتعمیرمنگھیا موری کا کام جلد مکمل کرکے ٹریفک کی آمدو رفت کے لیے کھولا جائے اور مہران ہائی وے دوڑ ریلوے بالائی پل سے پہلے خطرناک موڑ پر روڈ بریکر لگائی جائیں تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جاسکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنرمحمدنعمان نے ضلع میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے بارے میں اجلاس کو بتایا کہ نواب شاہ سے سانگھڑ روڈ گپچانی تک اور نواب شاہ سے سعید آباد روڈ کا کام نواب شاہ کی حدود میں مکمل ہوچکا ہے جبکہ فلائی اوور سبزی منڈی ریلوے لائن کا کام بھی مکمل کردیا گیا ہے جبکہ دوڑریلوے لائین فلائی اوور کا کام جاری ہے جوکہ ڈیڑھ مہینے میں مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نوابشاہ میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اس مہینے میں مکمل ہوجائے گا اوربحریہ ٹاؤن کے سامنے روہڑی کینال کے اوپر پل کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ اوپن ائر تھیٹرکا کام مکمل کردیا گیا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز نے بتایا کہ مہران ہائی وی دریا خان مری کے مقام سے نوشہروفیروز تک روڈ کا کام شروع کردیا گیا ہے جوکہ تمام جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سدھو جا پل،نوشہروفیروز سے پڈعیدن روڈ اور مورو سے درس روڈ اور مورو سے دادو روڈ کا کام جاری ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے بتایا کہ سانگھڑ سے شاہپورچاکرروڈ کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ ٹنڈو آدم سے خیبر روڈ اور سانگھڑ سے میرپورخاص روڈ کا کام جاری ہے جوکہ جلد مکمل کیا جائے گا۔