فکسنگ کا الزام‘ جنوبی افریقین بولر نوابوسوٹسوبے پر 8سال کی پابندی عائد

132

جوہانسبرگ (جسارت نیوز) کرکٹ سائوتھ افریقا نے سیاہ فام فاسٹ بولر لونوابو سوٹسوبے پر کرپشن کیس میں 8 برس کی پابندی عائد کر دی۔ ٹسوبے پر 2015ء میں جنوبی افریقا ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ رام سلام کے دوران میچ فکسنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا، ٹسوبے ساتویں جنوبی افریقن کھلاڑی ہیں جنہیں سی ایس اے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت سزا سنائی گئی ہے، اس سے قبل کرپشن کیس میں غلام بودی، الویرو پیٹرسن، تھامی سولیکائل، جین سائمز، پومی لیلا اور ایتھی بھی مختلف سزائیں بھگت رہے ہیں۔ جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر لونوابو سوٹسوبے پر فکسنگ کے الزام میں 8 سال کے لیے پابندی عائد کردی گئی۔ اینٹی کرپشن یونٹ کے چیئرمین نے کہا کہ فاسٹ بولر نے مجموعی طور پر 10 الزامات قبول کیے جن میں میچ فکس کرنا، بدعنوانی کے کام میں ملوث ہونے سے متعلق تفصیلات فراہم نہ کرنا، دوسرے شخص کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق آگاہ نہ کرنا، تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ تعاون نہ کرنا اور حقائق کو چھپا کر تحقیقات میں رکاوٹ بننا شامل ہیں۔ واضح رہے کرکٹ سائوتھ افریقا نے 2015 میں میچ فکسنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد ٹسوبے کو معطل کر دیا تھا۔