مقدونیا: انسانی اسمگلنگ میں ملوث 13 افراد گرفتار

111

اسکوپے (انٹرنیشنل ڈیسک) مقدونیا کی پولیس نے مختلف مقامات پر کئی چھاپا مار کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ کے شبہے میں 13 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ یونان میں موجود مہاجرین کو غیر قانونی طور پرسربیا اور دیگر مغربی ممالک منتقل کرنے کی کوشش میں تھے۔ امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے مقدونیا کے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ گرفتار کیے گئے اسمگلرز جن مہاجرین کو یونان سے سربیا لانے کی کوشش میں تھے، ان میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان اور افغانستان سے تھا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس نے مقدونیا کے دارالحکومت اسکوپے اور 2 دیگر شہروں میں مختلف گھروں پر چھاپے مارے اور ایک بچے سمیت 13 افراد کو حراست میں لے لیا۔ مقدونیا کے پبلک سیکورٹی کے ڈائریکٹر لازو ویلکووزیکی کے مطابق تینوں شہروں میں یہ کارروائی دراصل بین الاقوامی اسمگلروں کے ایک نیٹ ورک کے خلاف کی گئی۔ پولیس کے مطابق سیکورٹی اہل کاروں نے ان مشتبہ افراد کی 6 گاڑیوں، 27 ہزار یورو کی نقد رقم، ایک ہینڈ بیگ اور موبائل فون بھی ضبط کر لیے۔