پی ایس 114 سے کامیابی کا سلسلہ عام انتخابات تک جاری رہے گا، عاصم حسین

91

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صد ر ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا ہے کہ ہم نے ثابت کردیا ہے کہ شہر قائد پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے ۔پی ایس 114سے کامیابی کیلیے کارکنوں نے بڑی محنت کی ہے ۔کامیابیوں کا یہ سلسلہ آئندہ عام انتخابات تک جاری رہے گا۔ کراچی کی ترقی کے لیے بھرپور کام کیا جائے گا اور شہر کے تمام مسائل حل کریں گے ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کی جانب سے سینیٹر سعید غنی کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل سید وقار مہدی، راشد ربانی ،شہلا رضا ،وقاص شوکت اور دیگر بھی موجود تھے ۔سعید غنی کی تقریب میں آمد کے موقع پر کارکنوں نے پرجوش نعرے بازی اور ان پر پتیاں نچھاور کیں۔ ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ سعید غنی کو بھاری اکثریت سے کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔میں حلقے کے عوام، پیپلزپارٹی کی حمایت کرنے والی تمام جماعتوں ،اقلیتی برادری اور تمام قومیتوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوںنے سعید غنی کی حمایت کی جس کی وجہ سے یہ شاندار کامیابی نصیب ہوئی ہے ۔ہم نے اس کامیابی کے لیے بہت محنت اور جستجو کی تھی ۔پی ایس 114سے کامیابی محض آغاز ہے ۔کراچی سے کامیابیوں کا سلسلہ عام انتخابات تک جاری رہے گا ۔انہوںنے کہا کہ ہم نے ثابت کردیا ہے کہ کراچی پاکستان پیپلزپارٹی کا شہر ہے۔اس شہر کے مسائل کا حل ہماری ذمے داری اور ہم اسے بھرپور طریقے سے انجام دیں گے ۔کراچی میں بجلی کے بحران اور اووربلنگ کے سلسلے میں کے الیکٹرک کے حکا م سے بات ہوئی ہے ۔انہوںنے یقین دہانی کرائی ہے کہ صارفین کے پرانے بل معاف کردیے جائیں گے جبکہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر بھی قابو پایا جائے گا۔ ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ شہر میں صاف پانی ،بجلی ،صفائی اور سیوریج سمیت تمام مسائل کو بتدریج حل کیا جائے گا ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی سعید غنی نے کہا کہ حلقہ پی ایس 114کے عوام نے پیپلزپارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر میں ان کا شکر گزار ہوں ۔انتخابی مہم کے دوران ہم نے عوام سے جتنے بھی وعدے کیے تھے ان تمام کو پورا کیا جائے گا ۔