اورنگی ٹاؤن:ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ،نوجوان جاں بحق، بھائی زخمی

59

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹائون میں گھر میں ڈکیتی کی کوشش میں مزاحمت پر ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک نوجوان جاں بحق اور بھائی زخمی ہو گیا جبکہ ملزمان کا ایک ساتھی بھی گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ کے علاقے اورنگی ٹائون چاندنی چوک اسٹریٹ 50مکان نمبر 1601میں بدھ کی علی الصبح 3مسلح ملزمان داخل ہو ئے اور اسلحے کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار کی کوشش کی۔ اس دوران ایک نوجوان نے ایک ملزم کو دبوچ لیا اور دوسرے نوجوان نے بھی دیگر ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تاہم ایک ملزم نے گھبرا کر اندھا دھند فائر نگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 2نوجوان اور ایک ملزم شدید زخمی ہو گیا ،صورتحال کو دیکھ کر زخمی 2ملزم کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے ،فائر نگ کی آواز سے علاقہ مکین اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مکان میں موجودتینوں زخمیوں کو عباسی اسپتال منتقل کیا جہاں پر دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے 2نوجوان جاں بحق ہو گئے ،پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت 27سالہ محمد عاقب ولد محمد محسن کے نام سے کی گئی جبکہ اس کا بھائی 25سالہ محمد آصف شدید زخمی ہے۔ پولیس نے مزید بتایا کہ دوسرا ہلاک شخص ملزم ہے جس کی شناخت نہیں کی جاسکی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مکان سے ایک پستول اورگولیوں کے 6خول تحویل میں لے لیے ہیں اور واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔