میئرحیدرآباد نے نالوں پر قائم تجاوزات کا سخت نوٹس لے لیا

185

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے گرین بیلٹس اور نالوں پر قائم تجاوزات کا سختی سے نوٹس لے لیا،ڈائریکٹر پارکس،ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کو فوری طور پر گرین بیلٹس اور نالوں سے تجاوزات کے خاتمے کی ہدایت کردی،میئر حیدرآباد سید طیب حسین نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور تجاوزات سے پاک ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لیے دن رات کی پروا کیے بغیر بلاتفریق عوامی خدمت کے سفر پر گامزن ہیں ،گرین بیلٹس شہر کی خوبصورتی اور صحت افزا ماحول کی فراہمی کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ نالوں پر تجاوزات سے ان کی صفائی کا عمل ممکن نہیں ہے جس کے باعث بارشوں کے دوران نکاسی آب متاثر ہوتی ہے، بارشوں کا پانی آبادیوں میں جمع ہو جاتا ہے، چند لوگوں کے ذاتی مفاد کے باعث پوری آبادی بارش کے پانی میں ڈوب جاتی ہے اور نکاسی آب کا نظام مفلوج ہو کر رہ جاتا ہے۔میئر سید طیب حسین نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر پارکس، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی کہ گرین بیلٹس اور نالوں کی صفائی میں حائل تمام تجاوزات کا فوری طور پر خاتمہ کرکے ان کی کڑی نگرانی کی جائے تاکہ تجاوزات دوبارہ قائم نہ ہو سکیں۔