سکھر ‘ حج پرواز کا آغاز 27جولائی سے ہوگا ‘ 1410عازمین سعادت حاصل کرینگے

118

سکھر (نمائندہ جسارت) بیگم نصرت بھٹو ائر پورٹ سے عازمین حج کی پروازیں 27جولائی 2017ء سے 7 اگست تک روانہ ہوں گی۔ رواں سال سکھر سے 9 پروازوں کے ذریعے 1410 عازمین حج کی سعادت کے لیے روانہ ہوں گے۔ حج آپریشن 2017ء کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے اہم اجلاس کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت کمشنر آفس میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں سول ایوی ایشن، اے ایس ایف ،اینٹی نارکوٹیکس ،پی آئی اے، میونسپل انتظامیہ،صحت ،پولیس، کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر حج نے اجلاس کو بتایا کہ اس سال سکھر سے 1410عازمین حج، حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ ہوں گے جبکہ پہلی حج پروا ز 160 عازمین کو لے کر27 جولائی 2017ء کو بیگم نصرت بھٹو ائر پورٹ سکھر سے روانہ ہوگی۔ کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ نے کہا کہ حج کمپلیکس سکھر میں عازمین حج کے لیے پینے کے صاف پانی کے ساتھ صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حج کمپلیکس میں صحت و صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور روشنی کے لیے اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں جبکہ فائر بریگیڈ بھی 24 گھنٹے موجود رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی کا عمل مکمل کیا جائے اور صفائی کا عملہ حج آپریشن مکمل ہو نے تک حج کمپلیکس میں موجود رہے گا۔ کمشنر سکھر نے بتایا کہ عازمین حج کو 17 جوالائی سے مختلف بیماریوں سے بچائو کے لیے ویکسین کی جائے گی۔ عازمین حج روانگی سے دو روز قبل رپورٹ کریں گے۔ علاوہ ازیںتمام ضروری ادویات کی فراہمی اور حج کمپلیکس میں ایمبولینس کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ کمشنر نے کہا کہ حج کمپلیکس سے لیکر ائر پورٹ روڈ تک بھرپور حفاظتی انتظام کیا جائے جبکہ کیمپ میں خواتین پولیس اہلکار بھی مقرر کی جائیں اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس کو بھی مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمپلیکس میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے لیے سیپکو کو لکھا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شیڈول کے مطابق پہلی پرواز 27 جولائی کو 160 عازمین حج کو لے کر براستہ کراچی جدہ روانہ ہوگی۔ اسی طرح دوسری پرواز 28 جولائی، تیسری پرواز 29 جولائی،چو تھی پرواز 30 جولائی، پانچویں پرواز یکم اگست، چھٹی پرواز 3 اگست، ساتویں پرواز 4 اگست، آٹھویں پرواز 5ا گست اور نویں پرواز بیگم نصرت بھٹو ائر پورٹ سکھر سے 6 اگست 2017ء کو روانہ ہو گی۔