تعلیم پر توجہ دی جائے

110

ہر انسان پر چاہے مرد ہو یا عورت علم حاصل کرنا فرض ہے، انسان کو ہر حال میں اتنی تعلیم حاصل کرنا تو ضروری ہے کہ جس سے اچھے اور بُرے کا پتا چلے اور دینی تعلیم بھی حاصل کرنی چاہیے۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے شعبہ تعلیم کو ترقی اور اہمیت دینے کی بہت ضرورت ہے۔ صورت حال یہ ہے کہ سرکاری اسکولوں کا تو وجود ہی ناپید ہے کہیں تعلیم نہیں تو کہیں اسکول ہی بے حال ہیں اور کہیں تو پڑھائی کے نام پر بچوں سے کام لیے جاتے ہیں اور ہر ماہ حکومت کے خزانے سے عملے کی تنخواہیں باقاعدگی سے جاری کی جاتی ہیں اور کچھ تو سرکاری افسران کی جیبوں میں بھی جاتا ہے۔ جس کے نتیجے میں شرح خواندگی خطرناک حد تک نیچے آگئی ہے۔ ملک میں 63 فی صد نوجوان ہیں جو ملک کے لیے خوش آئند امر ہے، مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان روزگار سے محروم ہیں اور بڑی تعداد میں نوجوان تعلیم سے محروم ہیں۔ ملک میں تعلیم کو ترجیح نہیں دی جاتی سوائے پیسے کے۔ میری حکمرانوں سے اپیل ہے کہ تعلیمی اداروں کو مضبوط بنایا جائے اور ساتھ فنی تعلیم پر بھی زور دیا جائے تا کہ ہمارے ملک میں ترقی ہوسکے۔
لیلیٰ فاطمہ سلیم، جامعہ کراچی