حیدر آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد کے قائم مقام امیر عقیل خان نے کہاہے کہ بلدیہ ملازمین کی فوج اور میئرکے دعووں کے باوجود بارش شہریوں کے لیے زحمت ثابت ہوئی ہے، نکاسی آب اور صفائی کی پہلے ہی صورت حال خراب تھی، بارش نے صورت حال مزید گمبھیر بنادی ہے۔ قائم مقام امیر ضلع نے کہا کہ بھاری بھرکم فنڈ اور ملازمین کی فوج ہونے کے باوجودبلدیہ کی کارکردگی صفرہے۔ شہر اور لطیف آباد میں سیوریج اور صفائی کی ابترصورت حال ہے۔ بارش سے قبل ہی شہرکی متعددمعروف شاہراہیں سیوریج کے پانی میں ڈوبی ہوئی تھیں، گندگی اور کچرے کے ڈھیر سڑکوں کوگھیرے ہوئے ہیں، سڑکیں خستہ حال ہیں مین ہول کور غائب ہیں پوراسال گزرنے کے بعد سڑکوں کی تعمیر ومرمت مئی جون میں شروع کی گئی تھی، فنڈٹھکانے لگانے کے بعد تعمیر ومرمت کا کام بھی مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ بارش سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اورمیئر نے دعویٰ کیاتھاکہ باران رحمت کوزحمت نہیں بننے دیں گے عملاً اس کے برعکس ہوا،پانی سڑکوں پر کھڑا ہے، نالوں کی صورت حال جوں کی توں ہے، کیچڑ اور کچرے کے ڈھیر جگہ جگہ موجود ہیں۔ ملازمین کی فوج اور انتظامی اختیارات سے بیشتر مسائل باآسانی حل ہوسکتے ہیں لیکن انتظامی صلاحیت کا فقدان اور اختیارات کا رونا شہریوں کے مسائل حل کرنے میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بلدیہ کے وسائل اور ملازمین کوماضی میں پارٹی جلسوں اور کاموں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے، اسی طرح شہرسے سیوریج اورصفائی کے لیے بھی استعمال کیاجاناچاہیے ۔