ٹنڈو الٰہیار‘ قدیمی مارکیٹ کو مسمار کرنے کیخلاف تاجر اتحاد کا احتجاج

181

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) 1939ء میں ٹنڈوالٰہیار کی گنجان آباد ی میں قائم سبزی و گڑھ مارکیٹ کو میونسپل کمیٹی کی جانب سے مسمار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا، میونسپل کمیٹی کی جانب سے کی جانے والی کارروائی کے خلاف تاجر اتحاد کا احتجاجی مظاہرہ۔ سخت نعرے بازی، کھپے کھپے انصاف کھپے، دکانداروں سے ناانصافی بند کرو کے نعرے بلند کیے گئے۔ میونسپل کمیٹی ٹنڈوالٰہیار کی جانب سے ٹنڈو الہٰیار کے گنجان آبادی والے علاقے میں قائم 1939ء کی قدیمی سبزی و گڑھ مارکیٹ کو مسمار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا، مسمار ی کے بعد تاجر اتحاد کے درجنوں تاجروں نے شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے کھپے کھپے انصاف کھپے اور دکانداروں سے ناانصافی بند کرنے کے نعرے بلند کیے۔ بعد ازاں تاجر اتحاد کے صدر حمید قریشی ، چیئرمین مامارتن لعل لالوانی ودیگر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سبزی وگڑھ مارکیٹ ٹنڈوالٰہیار کی قدیمی مارکیٹ ہے، اس کو مسمار کرنے اور نئی مارکیٹ تعمیر کے ہم خلاف نہیں مگر ہم چاہتے ہیں کہ جو اس قدیمی مارکیٹ میں 70سال سے کاروبار کر نے والوں کو ہی دکانیں دی جائیں اور 7 دکانیں جو خستہ حال نہیں انہیں مسمار نہ کیا جائے جبکہ دوسری جانب تاجر محمد یونس کی جانب سے دائر کی جانے والی ہائی کورٹ میں پٹیشن کے بعد 26جولائی کو ہائی کورٹ نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سندھ، ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہٰیار، ایس ایس پی ٹنڈوالہٰیار، میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔