کے ڈی اے اسکیموں کے اطراف نکاسی آب کا عمل جاری ہے ، ڈی جی

175

کراچی (صباح نیوز)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے کہا ہے کہ شہر بھر میں حالیہ مون سون بارشوں کے دوران کے ڈی اے اسکیموں کے اطراف نکاسی آب کا عمل جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ رات کے ڈی اے کی مختلف اسکیموں میں قائم کے ڈی اے رین ایمرجنسی سینٹرز کے دورے کے دوران کہی۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کو چیف انجینئر رام چند نے نکاسی آب کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی کے ڈی اے سید ناصر عباس نے چیف انجینئر رام چند کو قائم کے ڈی اے رین ایمرجنسی سینٹرز کا فوکل پرسن نامزد کرتے ہوئے احکامات جاری کیے کہ نکاسی آب کے دوران ضرورت پڑنے پر ڈی واٹرنگ پمپ کرایہ پر حاصل کیے جائیں تاکہ نکاسی آب کے عمل کو بروقت ممکن بنایا جاسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام عملے کی حاضری یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے عمل کی پیش رفت سے آگاہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی بھی قسم کا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔