محکمہ اقلیتی امور کے تحت جاری منصوبوں کی رپورٹ 7 دن میں جمع کرائی جائے، کھٹومل جیون

191

کراچی ( صباح نیوز)وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹو مل جیون نے سیکرٹری محکمہ اقلیتی امور کو ہدایات دی کہ پچھلے سالوں سے جاری منصوبوں کے متعلق تفصیلی رپورٹ 7 دن کے اندر ان کے دفتر میں جمع کی جائے اور جن منصوبوں کے ٹھکیداروں نے تعمیراتی کام معیار کے مطابق نہیں کیا یا ادھورا چھوڑ دیا، ان کے خلاف کنٹریکٹ کے ضابطے و قوانین کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ یہ بات انہوں نے محکمے کے تحت جاری منصوبوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے بلائے گئے اجلاس میں کہی۔ڈاکٹر کھٹومل جیون نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت کئی سالوں سے جاری منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے اور ان منصوبوں کو فی الفور مکمل کیا جائے۔انہوں نے سیکرٹری اور ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی امور سے کہا کہ وہ محکمے کے تحت جاری منصوبوں کاخود دورہ کریں تاکہ منصوبے میں استعمال ہونے والے مٹیریل کا جائزہ لیا جائے اور غفلت اور کوتاہی برتنے والوں کا تعین کرنے کے ساتھ ایک جامع اور مفصل رپورٹ مرتب کی جائے۔