کراچی کو تباہ ہونے سے بچایا جائے،اشرف بنگلوری

108

کراچی(ٖاسٹاف رپورٹر)کراچی ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے صدر محمد اشرف بنگلوری نے سندھ حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیارات نہ دیکر کراچی کو تباہ کیا جا رہا ہے، حکومت سندھ نہ خود کراچی کے مسائل حل کر رہی ہے، نہ بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دیکر کام کرنے دیا جا رہا ہے۔ اشرف بنگلوری نے کہا کہ کراچی کی گنجان سڑکیںاور سیوریج نظام تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے جاری بارشوں کے باوجود سیوریج نظام اور تباہ حال سڑکوں پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے، ٹرانسپورٹ برادری اور عوام کی ٹرانسپورٹ تباہ ہو رہی ہے، مالی نقصان ہو رہا ہے، بارشوں کے بعد کئی دن پانی سڑکوں پر کھڑا رہتا ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں کو مکمل اختیارات دیکر کام کرنے کا موقع دیا جائے، سیاسی رسہ کشی کی وجہ سے کراچی تباہ ہو رہا ہے۔