کراچی (اسٹاف رپورٹر )الخدمت کراچی اس بات کے لیے کو شاں ہے کہ معاشرے کے ضرورت مند اور اہل افراد جو زندگی کی معاشی دوڑ میں کسی بھی وجہ سے دوسروں سے پیچھے رہ گئے ہیں ، ان کو سہارا دے کر دیگر افراد کے برابر لا کھڑا کیا جائے ۔ الخدمت اس مقصد کے لیے کمیونٹی کے مخیر اور اہل ثروت خواتین و حضرات کے مالی تعاون کے ذریعے مستحق افراد کو مختلف طرح کے روزگار شروع کرنے کے لیے بلاسودی قرضے بطور سرمایہ فراہم کرتی ہے۔یہ بات نائب امیر جماعت اسلامی برجیس احمد نے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں مواخات پروگرام کے تحت رکشے تقسیم کرنے سے قبل شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری توقع یہ ہے کہ آج ہم کسی دوسرے کے تعاون سے آپ حضرات کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تو آنے والے دنوں میں جب آپ خود اپنے پاؤں پر کھڑے ہو جائیں تو معاشرے کے دیگر ضرورت مندوں کی اعانت کرنے میں ہمارا ہاتھ بٹائیں۔ بعد ازاںنائب امیر جماعت اسلامی کراچی برجیس احمد ،کنٹرولر مواخات الخدمت کراچی عنایت اللہ اسماعیل اور منیجر کمیونٹی سروسز طارق محفوظ نے الخدمت کی روزگار اسکیم کے تحت مستحق افراد میں رکشوں کی چابیاں حوالے کیں ۔ واضح رہے کہ الخدمت کی روزگار اسکیم کے تحت چھوٹے پیمانے پر اپنا روزگار شروع کرنے کے لیے پوری طرح چھان پھٹک کرنے کے بعد مستحق افراد میں بلا سودی قرضہ فراہم کر کے اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔