پہلی بار ملکی معیشت کا حجم 300ارب ڈالرز کی حد پارکرگیا‘ اسحاق ڈار کا دعویٰ

134

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کے معاشی اعشاریے مثبت تصویر پیش کر رہے ہیں، زرعی اور مالیاتی پالیسیوں میں رابطہ کے بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10سال میں پہلی بار اقتصادی شرح نمو 5.3 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ 4 سال میں ٹیکس محصولات میں 74 فیصد اضافہ ہوا۔ زرمبادلہ کے ذخائر بھی اطمینان بخش سطح پر ہیں۔ نجی شعبہ میں قرضوں کی حد میں 5فیصد اضافہ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتی شعبہ کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے جبکہ گیس کی فراہمی میں بھی بہتری آئی ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار ملکی معیشت کا حجم بڑھ کر 300 ارب ڈالرز کی حد پار کر گیا ہے۔ 2012-13ء کے مقابلے میں پاکستانیوں کی فی کس آمدن میں 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ 2008ء سے لے کر 2013ء کے دوران مہنگائی میں اضافہ کی شرح اوسطاً 8فیصد رہی جسے اب تقریباً 4فیصد کی شرح تک محدود کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح اسٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ 45 سال کی کم ترین 5.75 کی شرح پر آ گیا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عالمی ادارے آئندہ 10 سال کے دوران پاکستان کی اقتصادی شرح نمو 6 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کر رہے ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور سیکرٹری تجارت نے برآمدات اور درآمدات کے حوالے سے امور پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ اسلام آباد میں سیلز ری فنڈ کی ادائیگیوں کے حوالے سے تقریب کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ٹیکس دہندگان کی مشکلات سے آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔