بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کی گاڑی دریائے نیلم میں جاگری‘ 4جوان شہید

209

راولپنڈی(صباح نیوز) کنٹرول لائن بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جس کی زد میں آکر پاک فوج کی گاڑی دریائے نیلم میں جاگری ،4جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے اٹھ مقام پر معمول کی گشت کے دوران پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاڑی دریائے نیلم میں جاگری اور اس میں سوار 4 فوجی جوان ڈوب گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ڈوبنے والے 4میں سے ایک جوان کے لاش نکال لی گئی ہے جبکہ 3 کی تلاش کا کام جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد دشمن کی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔ خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور بھارتی فوجی بھاری ہتھیاروں سے شہری آبادی کو نشانہ بنارہے ہیں۔دوسری جانب وزیر اعظم محمد نواز شریف نے نیلم ویلی میں پاک فوج کی گاڑی پر بھارتی فوج کی فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیر اعظم نے واقعے میں شہید اہلکار کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔