میرپورخاص‘ بارش سے نکاسی آب کا نظام مفلوج‘ بجلی کا طویل بریک ڈائون

119

میرپورخاص(نمائندہ جسارت) میرپورخاص میں گزشتہ شب ایک گھنٹے کی طوفانی بارش نے میرپورخاص میں نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر مفلوج کردیا،شہر کے گلی محلے اور شاہراہیں جھیلوں کا نمونہ پیش کرنے لگیں ،8سے10گھنٹے بجلی کا طویل بریک ڈائون ،شہری اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب میرپورخاص میں ایک گھنٹہ طوفانی بارش نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ،نکاسی آب کا نظام بری طرح مفلوج رہا جس کے نتیجے میں شہر کے گلی محلے، شاہراہیں اور اہم چوراہوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا جبکہ شہر کے 80 فیصد علاقوں میں 8 سے10گھنٹے تک بجلی کی سپلائی معطل رہی۔بعد ازاں میونسپل چیئرمین فاروق جمیل درانی نے طوفانی بارش کے بعد اسٹیشن چوک ،پوسٹ آفس چوک اورمارکیٹ چوک پر پانی کی عدم نکاسی پر وائس چیئرمین اور کونسلروں کے ہمراہ دورہ کیا تو معلوم ہوا کہ عمرکوٹ نالے میں سیمنٹ کے بڑے بڑے سلیب گرے ہوئے ہیں جس کو انہوں نے اپنی نگرانی میں نکلوایاجس کے بعد نالے سے پانی کا نکاس شروع ہوا۔اس موقع پر فاروق جمیل درانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات ہونے والی بارش کے بعد لائٹ کی بندش کے سبب متعدد علاقوں میں ڈیزل انجن کے ذریعے پانی کا نکاس کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج میونسپل کمیٹی اور انتظامیہ کے تمام افسران شہر سے غائب ہیںاور فریال تالپور کی آمد کے موقع پر ہمارے اسٹاف کو بھی پروٹوکول کے لیے افسران لے جانا چاہتے تھے لیکن میں نے انہیں منع کیا کہ میرا کوئی بھی ملازم کسی کے پروٹوکول میں نہیں جائے گا کیونکہ ہماری اولین ترجیح پہلے شہر سے بارش کے پانی کی نکاسی ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ فوری طور پر پانی کی نکاسی کرکے شہریوں کو ریلیف دیا جائے جس کے لیے میونسپل کمیٹی کے تمام وسائل بروئے کار لائے۔