پاکستان میں اسکریبل کا تاریخی دن، 15سالہ صہیب ثنا اللہ قومی چیمپئن بن گئے

129

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے جنریشن اسکول سائٹ کیمپس میں کھیلی جانے والی3 روزہ چیمپیئن شپ کے آخری روز صہیب ثنا اللہ نے آخری6 میچزمیں شاندارکارکردگی دکھائی اورعمرمیں اپنے سے کہیں بڑے اور تجربہ کار پلئیرز کوشکست دی۔ ایونٹ کا فائنل صہیب ثناٗ اللہ اور ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ کے رنر اپ احمد عبداللہ عباسی کے درمیان کھیلا گیا جس میں صہیب احمدعباسی کوچت کرکے پاکستان کی تاریخ کے کم عمر ترین چیمپیئن بن گئے۔ احمد عباسی 18 فتوحات کے ساتھ دوسرے اورسابق ورلڈ یوتھ چیمپیئن معیذاللہ بیگ تیسرے نمبر پر رہے۔ طارق پرویز ٹاپ 5 میں آنے والے واحد سینئیر سٹیزن تھے جنہوں نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔8 مرتبہ کے ونر اوردفاعی چیمپیئن وسیم کھتری کو 5ویں پوزیشن پراکتفا کرنا پڑا۔ اس موقع پر پی ایس اے کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز نے کہا کہ نوجوانوں کو اسکریبل کی ٹریننگ دینے کا پھل ملنا شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ باصلاحیت پلئیرزکی موجودگی میں پاکستان آئندہ ماہ انگلینڈ میں ہونے والی ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپیئن شپ جیتنے میں کامیاب ہوگا۔ جنریشن اسکول کی وائس پرنسپل مس خدیجہ نورانی نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔