مخدوش عمارتوں کے رہائشی احتیاطی تدابیر اختیار کریں‘ میئرکراچی

163

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی شہر میں بارشوں کے پیش نظر مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں کو پورا کرے،آئل ٹینکرز کوعدالت عظمیٰ کی ہدایات کی روشنی میں ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل پر منتقل کرنے کا کام فوری کیا جائے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے ایک بیان میں اور سیکرٹری داخلہ حکومت سندھ قاضی شاہد پرویز کے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ حکومت سندھ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی شہر میں بارشوں کے پیش نظر مخدوش عمارتوں کے حوالے سے اپنی ذمے داریوں کو پورا کرے اور مخدوش قرار دی جانے والی عمارتوں کے لیے بنائے گئے قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مخدوش عمارتیں قوانین کے مطابق فوری خالی کرائی جائیں اور مکینوں کو متبادل رہائش فراہم کی جائے، میئر کراچی نے کہاکہ متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر مخدوش عمارتوں میں رہائش پزیر شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ اس موسم میں ایسی عمارتوں کو خطرات لاحق ہوتے ہیں اور کسی بھی حادثے کی صورت میں جانی و مالی نقصان ہوسکتا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے پرانے علاقوں میں ایسی متعدد عمارتیں موجود ہیں جو نہ صرف مخدوش ہیں بلکہ انتہائی خطرناک حالت میں ہیں لیکن یہ عمارتیں اب بھی رہائش کے لیے استعمال ہو رہی ہیں۔ اگر حکومت سندھ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے اس حوالے سے اپنی ذمے داری پوری نہ کی تو کوئی بھی حادثہ رونما ہوسکتا ہے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ پر رین ایمرجنسی سینٹر قائم کیا ہے جو 24 گھنٹے مصروف عمل ہے، جبکہ ریسکیو یونٹ ،ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اور فائربریگیڈ کو بھی متحرک رکھا گیا ہے تاکہ محکمہ موسمیات کی کراچی میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کے مدنظر صورتحال کو کنٹرول کیا جاسکے، میئر کراچی نے کہاکہ انہوں نے متعلقہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ ذمے داری کا ثبوت دیتے ہوئے موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں تاکہ بارش ہونے کی صورت میں سڑکوں سے پانی کی نکاسی کے ساتھ ساتھ دیگر اقدامات کیے جاسکیں۔علاوہ ازیں میئرکراچی نے سیکرٹری داخلہ حکومت سندھ قاضی شاہد پرویز کے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آئل ٹینکرز کوعدالت عظمیٰ کی ہدایات کی روشنی میں ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل پر منتقل کرنے کا کام فوری کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام تر اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں ، پاکستان اسٹیٹ آئل کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کے زیر انتظام آئل ٹینکرز کو جلد از جلد ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل منتقل کردیا جائے۔اس موقع پر مشیر مالیات کے ایم سی خالد محمود شیخ ، سینئر ڈائریکٹرمختار حسین،آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران ، پی ایس او کے نمائندے اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں جو ترقیاتی کام رہ گئے ہیں، انہیں تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے اور وہ تمام سہولیات بہم پہنچائی جائیں جن کی وہاں ضرورت ہے، میئر کراچی نے کہا کہعدالت عظمیٰ کے احکامات کے مطابق اندرون شہر سے آئل ٹینکرز کی پارکنگ کے خاتمے کے لیے ذوالفقار آباد میں آئل ٹینکرز ٹرمینل قائم کیا گیا ہے جس کے لیے کے ایم سی نے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مختلف مقامات پر آئل ٹینکرز کی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک میں پڑنے ولے خلل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لیے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میں آئل ٹینکرز کی مکمل طور پر منتقلی کا عمل جلد از جلد مکمل ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ یہ شہر کا پرانا مسئلہ ہے اب اسے حل ہونا چاہیے، اجلاس کو بتایا گیا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں 2375آئل ٹینکرز پارک کی سہولت مہیا کی گئی ہے جبکہ 10 ہزار افراد کے لیے مختلف قسم کا انفراسٹرکچر بنایا گیا ہے۔ اس ٹرمینل میں 128 بیت الخلا ، پولیس چوکی، ٹائر شاپس، مساجد، وضو خانے، ریسٹورنٹس، ہوٹلز اور ڈرائیورز کے آرام کرنے کے لیے جگہ بھی مختص کی گئی ہے، یہ منصوبہ مجموعی طور پر 150 ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں 120 ایکڑ رقبہ آئل ٹینکرز کی پارکنگ اور 30 ایکڑ رقبہ دیگر سہولیات کے لیے مخصوص کیا گیا ہے، سیکرٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے یقین دلایا کہ عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عملدرآمد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا جہاں ضرورت ہوئی وہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔