لاہور(آئی این پی) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے درخواست ابتدائی سماعت کیلیے مقرر کر دی گئی،آج(منگل کو) سماعت ہوگی ۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان نے شہباز شریف کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کے لیے آئین کے آرٹیکل 199کے تحت درخواست دائر کی جس میں شہباز شریف اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں شہباز شریف کی وزیر اعلیٰ بننے کی اہلیت کو چیلنج کیا گیادرخواست میں یہ بھی اعتراض اٹھایا گیا کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ذاتی کاروبار سے منسلک رہے اور شہباز شریف نے اپنے بھائی وزیراعظم نواز شریف کو 6 ارب کے تحائف دیے ہیں، اس رقم کی کوئی منی ٹریل نہیں دی گئی، درخواست میں یہ بھی الزام لگایا گیا کہ شہباز شریف نے اپنے خاندان کی ملکیت شوگر ملز کے لیے بھی اثر و رسوخ استعمال کیا۔د رخواست میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ شریف خاندان کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے ،درخوست میں استدعا کی گئی کہ شہباز شریف کو وزارت اعلیٰ اور رکن پنجاب اسمبلی کی حیثیت سے نااہل قرار دیا جائے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم درخواست پر ابتدائی سماعت کریں گے۔