پولیس میں اکھاڑ پچھاڑ کے بعد کراچی میں 2 افراد کی ٹارگٹ کلنگ

103

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس میں اکھاڑ پچھاڑ کے بعد شہر میں ٹارکٹ کلر پھر سرگرم ہوگئے، اونگی ٹاؤن میں دن دہاڑے 2 افراد کو قتل کردیا گیا، دونوں کا تعلق پی ایس پی سے تھا، موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے دونوں کو سر پر گولیاں ماریں، گورنر سندھ محمد زبیر کی مذمت، کارروائی امن کیخلاف سازش ہے، دہشت گردوں کو معاف نہیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون سیکٹر 7-C میں مکان نمبر 106 کے باہر بیٹھے ہو ئے 2 افراد عبدالمجید اور ارشد پر موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے باعث 50 سالہ عبدالمجید عرف ندیم مولانا موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ 36 سالہ ارشد کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ آپریشن کے دوران دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق پاک سرزمین پارٹی سے تھا۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر پورے علاقے کی ناکا بندی کرکے تلاشی کاعمل شروع کردیا۔ پولیس کو جائے وقوع سے 9 ایم ایم کی گولیوں کے 5 خول ملے ہیں جن کو فارنزک ٹیسٹ کے لیے لیب روانہ کردیا گیا۔