اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا کہ نوازشریف کے پاس وزیراعظم رہنے کا اخلاقی جواز باقی نہیں رہا‘ جمہوریت کے مفاد میں وزارت عظمیٰ سے استعفا دیں‘ جے آئی ٹی رپورٹ کی بنیاد پر نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں‘ اب نواز شریف قانونی اور اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں‘ وزیراعظم کا استعفا ملک اور قوم کے مفاد میں ہے‘ صرف مولانا فضل الرحمان جیسے چند لوگ ہی وزیراعظم کے حمایتی رہ گئے ہیں اور امید ہے وہ بھی جلد ہی نوازشریف کی حمایت چھوڑ دیں گے ‘ حکومت احتساب اور شفافیت میں یقین نہیں رکھتی‘ ظلم و ستم کے باوجود پیپلز پارٹی نے جمہوریت اور عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد کی‘ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھایا گیا‘ بے نظیر بھٹو کے ساتھ ناانصافی کی گئی‘ آصف علی زرداری بغیر کسی جرم کے11 سال جیل میں رہے‘ صحافی برادری نے جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا‘ 100سے زائد صحافیخدمات انجام دیتے ہوئے جانیں گنوا چکے ہیں۔ وکلا سے خطاب اور بعد ازاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کمیشن کی خود مختاری اور اطلاعات تک عوام کی رسائی کے حق کے بل کا نفاذ کیا جائے‘ حکومت شفافیت نہیں چاہتی اس لیے اطلاعات تک رسائی کے بل کا نفاذ نہیں کررہی۔ بلاول زرداری نے کہا کہ صحافی برادری نے جمہوریت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم رہنے کا قانونی اوراخلاقی جوازکھو بیٹھے ہیں، ان کے فیصلوں سے ملک مفلوج ہوگیا ہے‘ ان کا استعفا ملک و قوم کے مفاد میں ہے‘ جمہوریت کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ نواز شریف فوری اپنے عہدے سے دستبردار ہوں۔