کینیڈا کے جنگل میں لگی آگ بجھانے کیلیے فوج طلب

143

اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈا کے مغربی صوبے برٹش کولمبیا کے جنگلات میں لگی آگ بجھانے کے لیے حکومت نے فوج طلب کرلی ہے۔ آگ کے باعث اب تک 39 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں جنہیں حکومت کی جانب سے قائم کردہ کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔کینیڈا کے وفاقی وزیر برائے عوامی تحفظ رالف گوڈال نے صحافیوں کو بتایا کہ آگ مسلسل پھیل رہی ہے جس کے باعث صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے فوج بھیجنے کی درخواست کی تھی۔ کینیڈا کی وزارتِ دفاع کے مطابق حکومت کی ہدایت پر فوج کے 5 ہیلی کاپٹر اور 2 جہاز فوری طور پر علاقے میں پہنچ گئے ہیں جو وہاں سے لوگوں کے انخلا اور آگ بجھانے والے عملے کی نقل و حرکت میں استعمال ہورہے ہیں۔ رالف گوڈال کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ کہ آگ بجھانے کے لیے فوجی طیاروں کی مدد بھی لی جائے گی جب کہ آسٹریلیا کی حکومت بھی جنگل کی آگ بجھانے کے ماہر 50 فائر فائٹرز کینیڈا بھیج رہی ہے جو آج علاقے میں پہنچ جائیں گے ۔ حکام کے مطابق آگ بجھانے کی کوششوں میں معاونت کے لیے دیگر صوبوں اور اداروں سے بھی 260 اہل کار علاقے میں پہنچ گئے ہیں۔ برٹش کولمبیا کے محکمہ جنگلات کے مطابق آگ پھیلنے کے باعث اسے جنگل کے نزدیک واقع بستیوں سے آبادی کے انخلا کے ایک درجن سے زائد نوٹس جاری کرنا پڑے جس کے بعد آگ کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہزار سے بڑھ کر 39 ہزار ہوگئی ہے۔ صوبائی حکومت نے آگ بجھانے اور متاثرین کے عارضی قیام کے لیے ایک کروڑ کینیڈین ڈالر کا ہنگامی فنڈ قائم کردیا ہے۔ حکام کے مطابق آگ برٹش کولمبیا کے بڑے اور ساحلی شہر وینکوور سے 350 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع جنگلات میں لگ بھگ 150 کلومیٹر کے علاقے میں پھیلی ہوئی ہے۔