حکمران 70برس سے ملک و قوم کو مسلسل لوٹ رہے ہیں‘ مشتاق احمد خان

200

پشاور (وقائع نگار خصوصی) قائد اعظم کے نام پر سیاست کرنے والوں کو یہ معلوم ہی نہیں کہ قائد اعظم کی کوئی آف شور کمپنی نہیں تھی بلکہ انہوں نے اپنی زندگی کی تمام جمع پونجی اس قوم کے یتیم خانوں اورتعلیمی اداروں پر تقسیم کردی۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث قومی زندگی تباہ ہوچکی ہے، کرپشن کے باعث 45فیصد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ دولت کی حرص ختم ہی نہیں ہو رہی، حکمران 70 سال سے ملک و قوم کو مسلسل لوٹ رہے ہیں، جن قوموں کو دیانت دار اور صالح قیادت میسر آئی انہوں نے ہم سے بعد میں آزادی حاصل کرنے کے باوجود ترقی کی اعلیٰ منازل طے کیں اور اقوام عالم میں بلند تر مقام حاصل کیا جبکہ ہمیں چور اور کرپٹ حکمران ملے جن کی وجہ سے ہم ترقی کے صرف خواب ہی دیکھ رہے ہیں آئندہ الیکشن میںقوم کے پاس نادر موقع ہے کہ وہ جماعت اسلامی کی صورت میں ایک صالح اور محب وطن قیادت کو سامنے لائیں جس کے کسی چھوٹے بڑے عہدیدار، ایم این اے، ایم پی اے، سینیٹر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ ان خیا لات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوامشتا ق احمد خان نے ہری پور میں عید ملن پارٹی کی ایک گرینڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیرنور الحق اور ضلعی امیر انجینئر اختر زمان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مختلف جماعتوں کے رہنماؤں،جماعت اسلامی جے آئی یوتھ ونگ اور اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر اللہ تعالیٰ نے خاص مہربانی کی اور اسے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، ہم 25 لاکھ میگا واٹ بجلی پیدا کر کے 800 سال تک لوڈ شیڈنگ فری ملک بن سکتے ،ہیں ہمارے 63 فیصد نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ اور ہیرے ہیں جو نوکریوں کے لیے دھکے کھاتے پھر رہے ہیں،اگر ہم ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں تو ہمار اہر بچہ علی معین نوازش اور ارفع کریم بن سکتا ہے جن کو باہر جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی لیکن یہ عظیم منزل حاصل کرنے کے لیے ہمیں چور، ڈاکو اور کرپٹ قیادت سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ ہم نے انگریز سے آزادی محض خطہ زمین کے لیے نہیں بلکہ خوشحال اور اسلامی طرز زندگی کے لیے لی تھی۔ انگریز کے جانے کے بعد ایک سازش کے تحت قوم کو ذہنی غلام بنادیا گیا تاکہ ملک و قوم کو لوٹنے میں کوئی رکاوٹ باقی نہ رہے اللہ تعالیٰ ہمیں بار بار موقع دیتے ہیں کہ ہم مخلص قیا دت کو سامنے لائیںلیکن ہم ہر دفعہ چور کرپٹ اور بدمعاشوں کو لے آتے ہیںجو قومی خزانہ کو بے دردی سے لوٹتے ہیں ان کی لوٹ مار کا روز قیامت صرف ان لٹیروں سے ہی نہیں بلکہ ہم سے بھی لیا جائے گا کیونکہ ہم ہی انہیں منتخب کر کے اسمبلیوں میں بھیجتے ہیں، ہمیں اسلام اور پاکستان سے محبت رکھنے والی قیادت کو آگے لانا ہو گا اسی صورت میں یہ ملک اقوام عالم میں ترقی کریگا اور ہم اسلام کے سائے میں خوشحال زندگی بسر کریں گے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کے سوا کوئی بھی جماعت جمہوری نہیں،ہر ایک میں شخصی حکمرانی ہے کوئی بھی اپنے قائد کیخلاف بات نہیں کرسکتا۔ پروگرام کے بہترین انعقاد پر صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی ہری پور کی قیادت اور کارکنان کو بھرپور مبارکباد دی۔