عوام کا خون چوسنے والے کرپٹ ٹولے کو کوئی نہیں بچاسکتا‘ شمس الرحمن سواتی

258

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ عاشق رسولﷺ ممتاز قادری کو پھانسی دینے، ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے وعدے کو بھولنے اور سودی نظام کی صورت اللہ ورسول ﷺسے جنگ کرنے والا حکمران خاندان اللہ کے عذاب کی لپیٹ میں آگیا ہے، قومی دولت لوٹنے اور عوام کا خون چوسنے والے کرپٹ ٹولے کواب کوئی بیرونی آقا کسی صور ت نہیں بچاسکتا۔ پاکستان کے بیٹے اسپتالوں میں ایڑھیاں رگڑرگڑ کرمررہے ہیں ،بے شمار تعلیمی اداروں میں چھت تک میسر نہیں، دو وقت کی روٹی نہ ہونے کے باعث غریب محنت کش اور کسان خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں لیکن کرپٹ اشرافیہ پاکستانی دولت لوٹ کر بزنس ایمپائر اور محلات کھڑے کررہی ہے، قوم اب کرپٹ ٹولے کو مسترد کرکے سینیٹر سراج الحق اور جماعت اسلامی کی دیانت دار قیادت کا ساتھ دے اور ووٹ کی پرچی سے ملک دشمنوں کوناک آئوٹ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رہنما جماعت اسلامی پی پی 6 تاج عباسی کی جانب سے ضلعی جنرل سیکرٹری راجا محمدجواد کی صحتیابی پرمقامی کلب میں عشائیہ اور گوجرخان میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ میں نائب امرا امتیاز علی اسلم، ظفرالحسن جوئیہ اور سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت بڑی تعداد میں راولپنڈی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ 21 جولائی کو امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق تاج مارکیٹ گرائونڈ واہ کینٹ میں عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جس میں نوجوانوں سمیت مردوخواتین کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امیرجماعت اسلامی کا جلسہ واہ کینٹ کے سیاسی جمود کو توڑنے میں اہم کردار اد اکرے گا۔