چوتھی اننگز میں جیت کیلیے سری لنکا کا سب سے بڑا اسکور

164

سید پرویز قیصر
کولمبو میں زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے 114.5 اوورز میں 6 وکٹ پر391 رنز بناکر کامیابی حاصل کی جو سری لنکا کا چوتھی اننگز میں جیت کیلئے سب سے بڑا اسکور او مجموعی طور پر5واں سب سے بڑا اسکور تھا۔
زمبابوے نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے94.4 اوور میں356 رنز بنائے تھے جس کے جواب میںسری لنکا نے 102.3 اوورمیں 346 رنز بنائے ۔ زمبابوے نیدوسری اننگز میں107.1 اوور میں377 رنز بناکر میزبان ٹیم کو 388رنز کا ٹارگیٹ دیا تھا۔سری لنکا نے 114.5 اوور میں 6 وکٹ پر391 رنز بناکر کامیابی حاصل کی۔
اس سے قبل سری لنکا کا چوتھی اننگز میں جیت کیلئے بنایا گیا سب سے بڑا اسکور9 وکٹ پر352 رنزتھا جو اس نے جنوبی افریقا کے خلاف کولمبو میں2006 میں بنایا تھا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھی اننگز میں سب سے بڑا سکور کرکے جیت حاصل کرنے والی ٹیم ویسٹ انڈیز ہے جس نے آسڑیلیا کے خلاف سینٹ جونس میں 2002-03 میں 7 وکٹ پر418رنز بناکر کامیابی حاصل کی تھی۔
چوتھی اننگز میں4 سو سے زیادہ رنز بناکر جیت حاصل کرنے والی پہلی ٹیم بھارت تھی جس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف اسپین میں1975-76 میں4 وکٹ پر406 رنز بناکر جیت حاصل کی تھی۔ جنوبی افریقا نے پرتھ میں آسڑیلیا کے خلاف 2008-09 میں 4 وکٹ پر414 رنز بنائے تھے جو چوتھی اننگز میں جیت کیلئے بنایا گیا دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔