چیمپئنز ٹرافی میں پہلی شکست پر بہت پریشان تھے‘ سرفراز احمد

182

لاہور (جسارت نیوز ) نجی بلڈرز گروپ کی لاہور انتظامیہ نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں اپنے پراجیکٹ پر استقبالیہ دیا جس میں قومی ٹیم کے اراکین ،پی سی بی آفیشلز ،سابق کرکٹرز اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی جبکہ جنید خان‘محمد عامر‘ محمد حفیظ ‘ شعیب ملک ذاتی مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔ تقریب میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو 10لاکھ اور 125گز کا پلاٹ دیا گیا ۔فخر زمان کو ایک کنال کا پلاٹ اور 10 لاکھ روپے دیے گئے ،وہاب رہاض کو بھی 10 لاکھ روپے جبکہ فاتح ٹیم کے دیگر تمام کھلاڑیوں کو10,10 لاکھ روپے دیئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی میں فتح ٹیم ورک اور قوم کی دعائوں کی وجہ سے ہوئی،فتح میں ہر کھلاڑی نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا،ہماری جیت پر لوگ بہت خوش ہیں ، بھارت سے ہارنے کے بعد پریشان تھے ،چیئرمین پی سی بی اور انضمام الحق نے حوصلہ بڑھایا، تمام کھلاڑیوں نے محنت کی اور اللہ نے جیت سے نوازا ،فخر زمان نے کہا کہ میچ کے دوران بہت پریشر تھا لیکن قوم کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پریشر پر قابو پایا اور پھر اللہ تعالی نے کامیابیوں کی راہ پر گامزن کردیا ۔فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا تھا کہ بھارت سے شکست کے بعد ہمارے پاس جیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا، اسپورٹس کے فروغ پاکستان کے لئے ضروری ہے، پاکستان کی جیت میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں۔پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے چیمپئنز ٹرافی جیت کر پوری دنیامیں ملک کا نام روشن کیا اورا نشاء اللہ مستقبل میں بھی ٹیم اسی کارکردگی کامظاہرہ کرے گی ۔انہوں نے پی ایس ایل کو قومی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کی ایک اہم وجہ قرار دیا ۔ بلڈر گروپ کے سربرا ہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں پاکستان کا سب سے بڑا سٹیڈیم بنا ر ہے ہیں ، کراچی آنے والی ہر انٹرنیشنل ٹیم محفوظ ہو گی اور انشاء اللہ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی ۔