الطاف وہ سانپ ہے جو اپنے بچے کھا رہا ہے ،مصطفی کمال

144

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ الطاف حسین ایک ایسا بزدل قاتل اور سانپ ہے جو اپنے بچے کھارہا ہے، وہ 22اگست کو مرگیا تھا لیکن فاروق ستار اینڈ کمپنی نے دوبارہ زندہ کردیا ہے ۔جن لوگوں کا نام ایم کیو ایم اور الطاف حسین سے جڑا ہے ان سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے ۔وہ منگل کو اورنگی ٹاؤن میں مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پارٹی کے عہدیدار عبدالمجید عرف ندیم مولانا کی نماز جنازہ کے بعدمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔اس سے قبل ندیم مولانا کی نماز جنازہ جامع مسجد بنارس میں ادا کی گئی اور انہیں مقامی قبرستان میں سپردخاک کیا گیا ۔نماز جنازہ اور تدفین میں پی ایس پی کے رہنماؤں ،کارکنوں اور مرحوم کے عزیز و اقارب نے شرکت کی ۔اس موقع پر کارکنوں نے ’’قاتل قاتل الطاف قاتل ‘‘ کے نعرے لگائے اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔مصطفی کمال نے کہا کہ الطاف حسین لندن میں رہ کر بھی اپنے لوگوں کو ماررہا ہے ۔ایم کیو ایم کا میئر الطاف حسین کو لندن میں پیسے بھجوارہا ہے ۔الطاف حسین ایسا بزدل قاتل اور سانپ ہے جو اپنے بچے کھارہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو پرامن رہنے کی سزا دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ قتل میں ملوث ہیں مقدمہ انہی کے خلاف درج کرایا جائے گا۔