عدالت عظمیٰ تماشا لگانے والوں کلی درخواست مسترد کردیگی‘ مریم اورنگزیب

128

اسلام آباد(آن لائن)وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پاناما کا مقدمہ کرپشن کا نہیں تھا، عدالت عظمیٰ نے بھی توثیق کی ہے، شریف خاندان نے عدالت عظمیٰ میں جو دستاویزات جمع کرائیں وہ تصدیق شدہ ہیں، ہماری دستاویزات کے برعکس پیش کردہ ڈاکومینٹس کو جھوٹا ثابت کریں گے، مخالفین نے پاناما کیس کو سیاسی بیساکھی کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی، امید ہے عدلیہ تماشا لگانے والوں کی درخواست مسترد کرے گی، وزیراعظم نواز شریف کیخلاف ثبوت موجود نہیں اس لیے پاناما کیس کو ٹرائل کورٹ میں لے جانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں درخواست گزاروں نے کرپشن، منی لانڈرنگ اور اثاثے چھپانے کے الزامات لگائے تاہم کیس وہیں کھڑا ہے۔ عمران خان کی شکل میں سازشیوں کے ٹولے کو پاکستان کے عوام بھی مسترد کریں گے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کو انسداد دہشت گردی عدالت میں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوتے اور وہ 3عدالتوں سے مفرور ہیں کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ وہ مجرم ہیں۔ لگتا ہے کچھ گڑ بڑ ضرور ہے کیوں کہ اقتدار کی ہوس میں روز تماشا لگایا جاتا ہے اور جس طرح اداروں کی تضحیک کی جارہی ہے ان کے بیانیے میں کوئی فرق نہیں آیا۔ مریم اورنگزیب نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بنی گالہ میں بیٹھے شخص کی ذہنی حالت پر تشویش ہے، خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کو لگایا جانے والا تالا عمران خان کو اپنے منہ پر لگا لینا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ مخالفین کیس کو ٹرائل میں لے جانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں لیکن وہاں کیا ہوگا جب وزیراعظم نواز شریف کیخلاف کوئی ثبوت ہی نہیں۔ تحریک انصاف کے وکیل عدالت میں بیرونی فنڈنگ کا اعتراف کرچکے ہیں، لیکن نیازی سروسز لمیٹڈ چھپانے پر عمران خان کے خلاف کارروائی نہیں ہورہی، یوں لگ رہا ہے جیسے قانون صرف ایک خاندان کے لیے بنا ہے۔جے آئی ٹی رپورٹ میں مشینری سے متعلق غلط بیانی کی گئی کیونکہ دبئی میں مشینری کی نقل و حمل کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہوتا، (ن)لیگ کے وکلا نے دوران جرح جے آئی ٹی کی کارروائی کی دھجیاں اڑادیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کیس چلا کر میڈ یا وار کی جارہی ہے تاکہ الیکشن تک ن لیگ کے خاندان کی دھجیاں اڑا دی جائیں۔