کراچی میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ایک لائحہ عمل ترتیب دیا جائیگا‘ جاوید ضیاء

139

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق کو ر کمانڈر و ڈی جی رینجرز لیفٹننٹ جنرل (ر) جاوید ضیاء نے کہا ہے کہ ملک میں باسکٹ بال کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کر وں گا، جلد کر اچی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کر اچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام 15 روزہ سمر باسکٹ بال کو چنگ کیمپ کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ لیفٹننٹ جنرل (ر) جاوید ضیا نے کہاکہ مجھے میڈیا کے زریعے کر اچی میں باسکٹ بال کھیل کی خبر یں ملتی رہی ہیں لیکن آج یہاں آکر کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو دیکھنے کا موقع ملا۔ انہوں کہا کہ وہ فوج میں باسکٹ بال کھیل کے کھلاڑی رہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کرینگے کہ کر اچی میں رینجرز اور فوج کی کھیلوں کی ہر سرگرمی میں باسکٹ بال کھیل کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کھلاڑیوں کی سر پر ستی کی جائے تو یہ ملک ترقی بھی کر ے گا اور صحت مند دماغ اور جسم قوم کو میسر آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی کر اچی میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک لائحہ عمل ترتیب دینگے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو تلقین کی کہ کیمپ میں جو تربیت حاصل کی اس پر پورا عمل کر یں اور ان کے کو چیز نے جو کچھ سکھایا اس کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے کیمپ کے کو آرڈینیٹر ممتاز احمدکو اپنی اور ایسوسی ایشن کی جانب سے مشترکہ طور پر 23 ہزار روپے کا نقد انعام دیا۔ اس موقع پر کے بی بی اے کے صدر غلام محمد خان نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ میرے دور صدارت میں ایک سال میں13 ٹورنامنٹس منعقد ہوئے، ایک پشاور اور میر پورخاص کا دورہ ہوا اور دوسرے سال کاآغاز اس کیمپ سے ہوا اور تسلسل کے ساتھ باسکٹ بال کھیل کے مقابلے جاری رہیں گے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں میں کٹس، باسکٹ بال اور حکومت سندھ کی جانب سے سر ٹیفیکیٹ دیے گئے ۔جبکہ امجد علی خان نے لیفٹننٹ جنرل (ر) جاوید ضیا کو کے بی بی اے کی جانب سے سوینیئر دیا۔