سنگل کنٹری نمائشوں سے پاکستان اور کینیڈا کی تاجر برادری قریب آسکتی ہے‘ ایس ایم منیر

119

کراچی( اسٹاف رپورٹر)ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹی ڈی اے پی)کے سابق چیف ایگزیکٹو اوریونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیرنے تجارتی وفد کے ہمراہ ٹورنٹو،کینیڈا میں پاکستانی قونصلیٹ کا دورہ کیا اورقونصل جنرل عمران صدیقی سے ملاقات کی ۔اس موقع پر ایس ایم منیر کے ہمراہ یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین نوید بخاری،ایف پی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل مہرعالم،محبوب شیخ اورڈاکٹرسمیع الزماں بھی موجود تھے۔ایس ایم منیر نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تجارتی وفود کے تبادلوں اور باہمی تجارت کے فروغ کے لیے پاکستانی قونصل جنرل عمران صدیقی کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ کینیڈا میں بے شمارپاکستانی تجارتی شعبے میں نمایاںکام کررہے ہیں اورہم چاہتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان کاروبار وسعت پائے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیاں سنگل کنٹری اور مشترکہ تجارتی نمائشوں کے انعقاد سے پاکستان اورکینیڈا کی تاجربرادری کو مزید قریب لایا جاسکتا ہے اور اس سلسلے میں ٹورنٹومیں پاکستان کے قونصل جنرل عمران صدیقی اور یو بی جی کے چیئرمین نوید بخاری کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ایس ایم منیر نے کہا کہ آئندہ ماہ 21اگست سے24اگست تک ٹورنٹو میں ہونے والی 4روزہ چوتھی پاکستان ایگزیبیشن اور ٹریڈ شوکے لیے ہماری تمام ترسپورٹ نوید بخاری اور نمائش کے دیگر منتظمین کے ساتھ رہے گی، نمائش سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور بیرونی تجارت بڑھانے کے روشن امکانات کودنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی اشاریے تیزی سے بہتر ہورہے ہیں جس کا اعتراف عالمی مالیاتی اداروں اور بین الاقوامی جریدوں میں بھی کیا جارہا ہے اس موقع پر نوید بخاری نے کہا کہ چوتھی پاکستان ایگزیبیشن اور ٹریڈ شوپاکستان سے معروف ترین برانڈز شریک ہوں گے اور ایگزی بیوٹرز میں نمائش میں شرکت کے حوالے سے بہت جوش ہے۔ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل عمران صدیقی نے کہا کہ قونصلیٹ ٹورنٹو آنے والے پاکستانی بزنس مینوں کو ہرطرح کی سہولیات اور معلومات فراہم کرتا ہے۔