جہانگیر پارک میں خانہ بدوشوں نے پھر ڈیرے ڈال لیے

480

کراچی (رپو رٹ:منیر عقیل ا نصاری) تاریخی جہانگیر پارک کی تعمیر نو تا حال مکمل نہیں ہو سکی، وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے مارچ میں اپنے دورے کے مو قعے پر 2ما ہ میںپارک کی ازسر نو مکمل کروانے کا اعلان کیا تھالیکن 5ماہ بعد بھی جہانگیر پارک کی تعمیرمکمل نہیں ہو سکی ہے۔پارک میں پھر سے خانہ بدوشوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں،اور جرائم پیشہ افراد اور منشیات کے عادی افراد پارک میں بیٹھے نظرآتے ہیں، واضح رہے کہ2مارچ کو وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے جہانگیر پارک میں جاری کاموں کے معائنہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور آئندہ دو ماہ کے دوران تاریخی جہانگیر پارک کو مکمل کرکے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا،تاہم پارک کی ازسر نو تعمیر کا کام سست روی کا شکار ہے،پارک میں خانہ بدوشوں نے ایک بار پھر اپنے ڈیرے بنالیے ہیں اور پورے پارک میں جگہ جگہ خانہ بدوشوں کے بستر لگے نظر آتے ہیں ، پارک میں جرائم پیشہ عناصر اور منشیات کے عادی افراد نے بھی قبضہ جمایا ہوا ہے۔ جہانگیر پارک کو منفی سرگرمیوں کیلیے استعمال کر نے کا سلسلہ جاری ہے۔اس ضمن میں پروجیکٹ ڈائریکٹر نیاز سومرو نے جسارت سے گفتگو کرتے ہو ئے بتایا کہ تاریخی جہانگیر پارک کی ازسر نو تعمیر اور اس کی تزئین و آرائش کا کام 80فیصد مکمل ہو گیا ہے، پارک کا افتتا ح 14اگست کو ہوگا ۔