کراچی میں 40 ملین روپے سے ماڈل قبرستان بنایا جائے گا، میئر کراچی

99

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں 28 سال بعد ماڈل قبرستان سرجانی ٹائون میں بنایا جا رہا ہے جس پر 40 ملین روپے لاگت آئے گی، یہ قبرستان آئندہ دس سال تک شہر کی ضروریات پوری کرے گا جبکہ کے ایم سی کے زیر انتظام 48 قبرستانوں میں چاردیواری کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی کام 20 ملین روپے کی لاگت سے کرائے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کی سہ پہر اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرا، ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایس ایم شکیب، ایڈیشنل ڈائریکٹر قبرستان اقبال پرویز اور دیگر افسران نے شرکت کی، میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ماڈل قبرستان سرجانی ٹائون سیکٹر 16 میں دس ایکڑ اراضی پر قائم کیا جا رہا ہے جو چار بلاکس پر مشتمل ہے۔ پہلے فیز میں چار دیواری پر 10 ملین روپے لاگت آئے گی جبکہ دوسرے فیز میں پہلے بلاک کی ڈیولپمنٹ پر مزید 10 ملین خرچ ہوں گے، انہوں نے ڈائریکٹر قبرستان کو ہدایت کی کہ فوری طور پر قبرستانوں کے حوالے سے بائی لاز تیار کیے جائیں۔