عدالت عظمیٰ پر مکمل اعتماد اور بہتر فیصلے کی توقع ہے‘ نواز شریف

151

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ انہیں عدالت عظمیٰ پر مکمل اعتماد اور بہتر فیصلے کی توقع ہے ،اقتدار کے بھوکے 2018ء کے انتخابات کی تیاری کریں، اپوزیشن انتشار کا شکار ہے، اپنے مفاد کی خاطر ملک کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے،کارکردگی پر عوام آئندہ بھی ہمیں ہی ووٹ دینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مشاورتی اجلاس میں شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں پاناما کیس کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس دوران آئینی و قانونی ماہرین کی جانب سے کیس کے مختلف پہلوئوں پر وزیر اعظم کو بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت وفاقی وزرا، مشیروں اور معاونین نے بھی شرکت کی۔ شرکا نے وزیر اعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکیا۔ اجلاس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وزیر اعظم مستعفی نہیں ہوں گے جبکہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کا مشاورتی اجلاس میں کہنا تھا کہ کچھ لوگ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، اقتدار کے بھوکے 2018 ء کے الیکشن کی تیاری کریں، ہماری کارکردگی پر عوام آئندہ بھی ہمیں ہی ووٹ دیں گے۔ وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ بعض عناصر کو سی پیک اور ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی اپنی صفوں میں اتحاد نہیں بلکہ وہ انتشار کا شکار ہے اپوزیشن اپنے ذاتی مفاد کی خاطر ملک کو نقصان پہنچانے کے در پہ ہے ملک کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچانے دیا جائے گا ۔معاشی صورتحال کو بہتر بنایا گیا ہے اشاریے بتا رہے ہیں کہ پاکستان نے پچھلے 4برسوں میں ترقی کی ہے ۔پاکستان ایک سمت طے کر چکا ہے اور اپنی سمت پر گامزن رہے گا۔ شرکا نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ وزیر اعظم نے عندیہ دیا کہ وہ عوام کے ووٹوں سے وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں جے آئی ٹی کی رپورٹ متضاد ہے جس کا وکلا نے بھرپور دفاع بھی کیا ہے ۔اس رپورٹ کی بنیاد پر استعفے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ اجلاس میںکہا گیا ہے کہ اپوزیشن کے ہر مطالبے کو مسترد کیا جاتا ہے اور وزیر اعظم اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتیں ان پر اعتماد کا اظہار کر چکی ہیں اس سے قبل کابینہ اور پارلیمانی پارٹی بھی اعتماد کا اظہار کر چکی ہے ۔ علاوہ ازیں جمعہ کے روز وزیر اعظم محمد نواز شریف سے محمود خان اچکزئی نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں پاناما لیکس سمیت سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر محمود خان اچکزائی نے نواز شریف کو یقین دہائی کرائی کہ ان کی پارٹی ن لیگ کے ساتھ ہے کیونکہ وزیر اعظم نے ایک ایک پائی کا حساب دیا ہے جو قابل تحسین ہے۔