اقتصادی رابطہ کمیٹی نے خریف کی فصل کیلئے ایک لاکھ میٹرک ٹن یوریا کھاد کی درآمد اور اسٹیل ملز کے ملازمین کو دوماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے ایک ارب روپے کی منظوری دے دی۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت صنعت و پیداوار کی سمری پر ایک لاکھ ٹن یوریا کی درآمد کی منظوری دے دی گئی۔
کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ یوریا کھاد کی مقامی پیداوار کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے۔کمیٹی نے لیکوئفائڈ نیچرل گیس ایل این جی کو دوبارہ گیس بنانے کے بعد قیمتوں کے تعین کا اختیار اوگرا کو دینے کی منظوری دے دی۔ اوگرا پیٹرول اور ڈیزل کی طرح درآمدی ایل این جی کی قیمت کا تعین کرے گا۔ کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کیلئے دو ماہ کی تنخواہوں کی ادائگی کیلئے ایک ارب روپے کے ہنگامی بیل آٹ پیکج کی منظوری دی۔
ای سی سی نےکاسا 1000 منصوبے اور بجلی کی خرید کے معاہدے کی اصولی منظوری بھی دی ہے۔ اس کے علاوہ رمضان ریلیف پیکج کی قیمتوں کے جائزہ کیلئے زیلی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔