امریکا میں نئے سعودی سفیر شاہ سلمان کے بیٹے کی ٹرمپ سے ملاقات

235

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) واشنگٹن میں متعین نئے سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردی ہیں۔ سعودی سفیر نے امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تہنیتی پیغامات پہنچانے کے ساتھ امریکی عوام کی ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ شہزادہ خالد نے سعودی عرب اور امریکا کے درمیان تعلقات کو تاریخی اور تزویراتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ باہمی تعاون اور مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق شہزادہ خالد نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تزویراتی تعلقات سے علاقائی اور عالمی سطح پر درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔