پولینڈ: عدالتی نظام میں تبدیلی کا قانون سینیٹ سے بھی منظور

161

وارسا (انٹرنیشنل ڈیسک) پولینڈ کے ایوان بالا نے عدالتِ عظمی کے نظام میں ردوبدل کا بل منظور کر لیا ہے۔ اس طرح اب حکومت کو اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے تقرر سے متعلق بے پناہ اختیارات حاصل ہو گئے ہیں۔ اس قانونی بل کے خلاف پولینڈ میں بڑے مظاہرے بھی جاری ہیں جب کہ یورپی یونین کی جانب سے بھی پولینڈ کو متنبہ کیا جا چکا ہے کہ وہ عدلیہ کی آزادی کو محدود نہ کرے۔ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب وارسا میں ہزاروں افراد نے اس حکومتی اقدام کے خلاف بڑے احتجاجی مظاہرے کیے۔ یہ افراد آزاد عدلیہ کے نعروں کے ساتھ موم بتیاں جلا کر پرامن انداز سے احتجاج کر رہے تھے۔